اسلام آباد (صباح نیوز، این این آئی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے حکومتی اراکین کے کچھ ووٹ چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔شازیہ مری کی شکایت پر بلاول بھٹو زرداری ریٹرننگ افسر کے پاس گئے اور معاملے سے آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کا اعتراض ہے کہ حکومتی اراکین نے کیمرے والاپین استعمال کیا۔ حکومتی اراکین نے ووٹ ڈالنے کے لیے مختلف قلم استعمال کیے۔اراکین کی جانب سے ذاتی قلم استعمال کرنے پر الیکشن کمیشن حکام نے بھی اعتراض اٹھایا۔ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے ذاتی قلم استعمال کرنے سے منع بھی کیا گیا۔ریٹرننگ آفیسر نے ہدایت کی تھی تمام اراکین یہاں رکھے ہوئے پین استعمال کریں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی فرخ حبیب اور کنول شوذیب کی جانب سے ویڈیو معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سابق وزیراعظم اور سینیٹ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔درخواست گزاروں کے مطابق یوسف رضا گیلانی اور ان کے بیٹے کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب ہوئے اور الیکشن ایکٹ کی دفعہ 174 کے تحت سزاوار ہیں۔ استدعا کی گئی کہ یوسف رضا گیلانی کو قانون و آئین کی خلاف ورزی کرنے اور بیٹے کے ساتھ مجرمانہ سرگرمی میں ملوث ہونے پر نااہل قرار دیا جائے۔