اسلام آباد (آن لائن) پاکستان کو ایک ارب 10کروڑ ڈالر کا ادھار تیل اور ایل این جی ملنے کا معاہدہ طے پاگیا، معاہدے کے تحت اْدھار پٹرول کی سہولت پی ایس او اور پارکو جبکہ ایل این جی پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو ملے گی، پاکستان اور آئی ٹی ایف سی کے درمیان ایک سال کیلئے معاہدہ طے پایا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں
سال 2021ٰء میں پاکستان کی معیشت کی ترقی کے حوالے سے بہت اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ پاکستان اور انٹرنیشنل ٹریڈ فنانسنگ کارپوریشن(آئی ٹی ایف سی) کے درمیان ادھار تیل اور ایل این جی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ آئی ٹی ایف سی رواں سال پاکستان کو 1.1 ارب ڈالرکا ادھار پٹرول اور ایل این جی فراہم کرے گا۔ بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت اْدھار پٹرول کی سہولت پی ایس او اور پارکو جبکہ ایل این جی پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو ملے گی۔ دوسری جانب معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر نے گیس مہنگی کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، گیس مہنگی کرنے کیلئے اوگرا کی سفارشات دیکھ رہے ہیں، اوگرا سفارشات کے بعد گیس مہنگی کی تو معمولی اضافہ کریں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صحافی کے سوال پر کہا کہ ابھی تک گیس مہنگی نہیں کی، لیکن اس حوالے سے اوگرا کی سفارشات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اگر گیس مہنگی کرنا پڑ گئی تو گیس کی قیمتوں میں معمولی اضافہ کریں گے۔ دریں اثناء معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر نے ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں یقین دہانی کروائی کہ ایل پی جی نئی پالیسی کی منظوری متعلقہ انڈسٹری کو اعتماد میں اعتماد میں لے کر دی جائے گی۔ اس حوالے سے مشاورت کیلئے چند دنوں بعد اجلاس بھی بلایا ہے۔