وزیر آباد (این این آئی)وزیر آباد میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 51 کے مبینہ پریزائیڈنگ افسر نے کہا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے۔پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 51 کے مبینہ پریزائیڈنگ افسر نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں غنڈوں نے مجھے دھمکایا اور قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔انہوں نے سیکیورٹی فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے۔ پولنگ کے دن انہیں شرپسند عناصر مدد کے لیے تنگ کرتے رہے تھے۔پریزائیڈنگ افسر نے کہا کہ وہ پولنگ کے بعد ووٹوں کا تھیلا
جمع کروانے جا رہے تھے لیکن شرپسند عناصر کی جانب سے انہیں سڑکوں پر گھمایا گیا اور ٹولے میں سے ایک بندہ تھیلا لے کر بھاگ گیا۔یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51 وزیر آباد میں ضمنی انتخاب کے 162 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی بیگم طلعت محمود 53903 ووٹ لے کر کامیاب ہوئی تھیں جبکہ تحریک انصاف کے چوہدری یوسف 48484 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔حلقہ پی پی 51 کی نشست ن لیگ کے شوکت منظور چیمہ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔