اسلام آباد (این این آئی)خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن کیلئے تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے سینٹ الیکشن میں بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے اور یہ
فیصلہ پی ٹی آئی اور بی اے پی کے مرکزی قائدین کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں بی اے پی کے پارلیمانی لیڈربلاول آفریدی، شاہ جی گل، تاج محمد خان اور پی ٹی آئی رہنما وزیر دفاع پرویز خٹک، اسپیکر اسد قیصر، وزیر اعلیٰ محمود خان اور گورنرشاہ فرمان بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان سینیٹ الیکشن کے لیے معاملات طے پاگئے ہیں جس کے مطابق تحریک انصاف جنرل نشست پر بی اے پی کے امیدوار تاج محمد خان کو ووٹ دے گی ، بلوچستان عوامی پارٹی پی ٹی آئی کو ٹیکنوکریٹ، خواتین اور اقلیت نشست پر ووٹ دے گی۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر بلاول آفریدی نے نجی ٹی و ی کو بتایاکہ پی ٹی آئی سے معاملات طے پا گئے ہیں، بلوچستان میں ہماری پارٹی پی ٹی آئی کے امیدواروں کو سپورٹ کرے گی اور خیبرپختونخوا میں بھی پی ٹی آئی ہمارے اور ہم ان کے امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔دوسری جانب معاون اطلاعات کامران بنگش نے بھی بی اے پی کے ساتھ معاملات طے پانے کی تصدیق کی ہے۔