اسلام آباد، پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی، اے پی پی )سینئر صحافی غریدہ فاروقی نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا سے ڈاکٹر ہمایوں مہمند کو ٹیکنوکریٹ سیٹ کا ٹکٹ الاٹ کیا گیا ہے جو اسلام آباد کے مشہور ہیئر ٹرانسپلانٹ سرجن ہیں جن کے بارے میں خبر ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دوست ہیں اور انکا
ہیئر ٹرانسپلانٹ بھی کیا اورپھر پمز اسلام آباد کے چیئرمین بھی بنائے گئے۔سینئر صحافی غریدہ فاروقی کے دعوے پر ڈاکٹر شہباز گل غصے سے آگ بگولہ ہو گئے ،شہباز گل نے جوابی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ بھی صحافت ہے ؟ اب ہم آپکو بتانا شروع کریں کہ آپ اپنے شو میں کس کو بلاتی ہیں اور کیوں بلاتی ہیں؟ یا آپکی پلاسٹک سرجری پر قیاس آرائی شروع کریں تو فوراً آپ نے عورت کارڈ کھیلنا شروع کر دینا ہے۔ خبریں تو سب کے بارے بہت ہیں۔دوسری جانب سینٹ انتخابات کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے دیرینہ ساتھی دوست محمد محسود کو بھی ٹکٹ جاری کردیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف نے وزیر اعظم عمران خان کے دیرینہ ساتھی دوست محمد محسود کو بھی ٹکٹ جاری کردیا ہے۔کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد عمران خان نے دوست محمد محسود کے ہمراہ قبائلی علاقوں کے دورے کئے تھے، دوست محمد محسود نے عمران خان کی قبائلی علاقوں پر لکھی کتاب ”غیرتمند مسلمان” لکھنے میں مدد کی تھی۔
2016 میں دوست محمد محسود کو پی ٹی آئی فاٹا کا چیف آرگنائزر بنایا گیا تھا، انہوں نے 2013 اور 2018 کے میں پی ٹی آئی ٹکٹ پر جنوبی وزیرستان سے الیکشن میں حصہ لیا تھا۔دوست محمد محسود کمشنر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں جبکہ ان کے بیٹے ریاض محسود اس
وقت ہزارہ ڈویژن کے کمشنر ہیں۔دریں اثنا سینٹ انتخابات کے لیئے اسلام آباد اور چاروں صوبوں سے ہفتہ تک78 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے،16 خواتین کی نشستوں پر ملک بھر سے کاغذات جمع ہوئے،14 ٹیکنوکریٹس اور علما کی نشستوں پر کاغذات جمع
کروائے گئے،5 غیر مسلم کی نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے دو جنرل اور دو خواتین کی نشست پر 4 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے،اب تک پنجاب سے 15،سندھ سے 20 اور خیبرپختونخواہ سے 24 امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے،بلوچستان میں 15امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔