لاہور( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ ہمارے ہاںپہلے لوگوں کو باغی اور غدار قرار دیا جاتا ہے اور پھر ان کے مرنے کے بعد شاہراہوں اور پلوں کو ان کے نام سے منسو ب کیا جاتا ہے ، چیئرمین نیب نے پشاورہائیکورٹ میں میری ضمانت کی درخواست کی سماعت کے پیش نظر پشاور ہیڈ کوارٹر
میں ڈیرے ڈالے رکھے کہ مجھے ہتھکڑی لگا کر ان کے سامنے پیش کیا جائے گا ۔ سیشن عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر ) محمد صفدر نے کہا کہ میں ایک روز قبل پشاور میں ون ڈے کھیل کر آیا ہوں ۔ پشاور ہائیکورٹ میں میری ضمانت کی درخواست پر سماعت تھی اس لئے چیئرمین نیب پشاور ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے اور اس انتظار میں رہے کہ درخواست مسترد ہو گی اور مجھے ہتھکڑی لگا کر ان کے سامنے پیش کیا جاسکے ، چیئرمین نیب مجھ سے پوچھنا چاہتے ہیں میں کیوں ان کے گھر کا احتساب کر رہا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر وارث میر نے مشرقی پاکستان کا دورہ کیا اور واپسی پر ایک رپورٹ مرتب کی ، انہوںنے سوئے ہوئے حکمرانوں کو جگایا کہ ملک ٹوٹنے جارہا ہے لیکن انہیں منفی القابات سے نوازا گیا ، یہاں پر لوگوں کے مرنے کے بعد شاہراہوں اور پلوں کو ان کے ناموں سے منسوب کیا جاتا ہے ، کبھی بورڈ لگائے جاتے ہیں اور کبھی بورڈ اتارے جاتے ہیں۔ میں جہاں بھی عدالت میں جاتا ہوں بغاوت اور غداری کے حوالہ جات اپنے ساتھ رکھتا ہوں اور انہیں بتاتا ہوں کہ ہم سے پہلے بھی سویلین کو ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے کی پاداش میں غدار او ر باغی کہا گیا ، میں نوجوان نسل کو کہتا ہوں کہ وہ ان رپورٹس کو پڑھیں۔