جیکب آباد( این این آئی) تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی اپنی پارٹی اور اپنے ہی وفاقی وزیر پر بھڑک اٹھے، پیپلز پارٹی کی تعریفیں، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی محمد اسلم ابڑو نے وفاقی وزراء اسد عمر اور محمد میاں سومرو کی
موجودگی میں جیکب آباد کے ایک نجی اسکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران اپنی ہی وفاقی حکومت اور جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر محمد میاں سومرو کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور پیپلز پارٹی کی تعریفیں کیں، رکن سندھ اسمبلی محمد اسلم ابڑو نے وفاقی وزراء ، پارٹی رہنماؤں و کارکنان اور شہریوں کی موجودگی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سے الیکشن لڑنا آسان نہیں کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں، پیپلز پارٹی جب اقتدار میں آتی ہے تو ملازمتیں دیتی ہے، سڑکیں اور ڈرینج بناتی ہے عوام کے مسائل حل کرتی ہے تب جاکر وہ کامیاب ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود جیکب آباد کے عوام نے ہمیں دو نشستوں ایک قومی اور ایک صوبائی نشست پر کامیاب کرایا لیکن ہم ڈھائی سالوں میں عوام کی امیدوں پرپورے نہیں اترے جس کی وجہ سے جیکب آباد کا عوام مایوس ہوچکا ہے ہم نے عوام کا کوئی کام نہیں کیا ہمارے پاس عوام کے سوالوں کا کوئی جواب نہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کراچی کو 11سو ارب دئیے لیکن سندھ کے دیگر 23اضلاع کو کیا دیا گیا ہے؟ اس لیے سندھ کا عوام تحریک انصاف سے مایوس ہوچکا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کے یہی حالات رہے تو آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف ایک بھی نشست نہیں جیت سکتی،انہوں
نے کہا کہ ایم این ایز کو 40کروڑ دئیے گئے لیکن ایم پی ایز کو کچھ نہیں دیاگیا اگر ایم پی ایز کو فنڈز نہیں ملیں گے تو الیکشن لڑ نہیں سکتے، انہوں نے اپنے حلقے کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر محمد میاں سومرو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محمد میاں سومرو کو 40کروڑ ملے ہیں لیکن انہوں نے مجھ سے پوچھا تک نہیں
اگر ایم پی ایز کو نظر انداز کیا جائے گا تو ایم این ایز کبھی کامیاب نہیں ہونگے، انہوں نے اپنی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پالیسیوں کی وجہ سے ہمارے ورکرز ہم سے ناراض ہیں ،تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی محمد اسلم ابڑو کی اپنی ہی پارٹی اور وفاقی وزیر پر تنقید کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس پر عوام
نے دلچسپ تبصرے کئے ہیں ، واضح رہے کہ یہ تقریب 31 جنوری کو جیکب آباد میں محمد اسلم ابڑو کے ہی نجی اسکول میں منعقد ہوئی تھی،اس سلسلے میں تحریک انصاف کے کارکنان و شہریوں کا ملا جلا رد عمل سامنے آیا ہے کچھ شہریوں کا کہا کہ عوام کے مسائل کے لیے اپنی ہی پارٹی پر تنقید کرنا جمہوریت ہے اگر اسی طرح ہر
منتخب نمائندہ عوام کے مسائل کے لیے پارٹی قیادت کے سامنے احتجاج کرے گا تو اس سے عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، جبکہ دوسری جانب عوام کا کہنا تھا کہ رکن سندھ اسمبلی محمد اسلم ابڑو نے اپنی پارٹی پر تو تنقید کی لیکن سندھ حکومت کی نااہلی پر ایک لفظ تک بات نہ کی جبکہ سندھ کی تباہی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے اپنی پارٹی پر تنقید کے ساتھ اگر وہ سندھ حکومت کی ناکامی پر بھی کچھ بات کرتے اچھا ہوتا۔