شیخو پورہ(این این آئی) پولیس کی ملی بھگت یا نالائقی سے اجتماعی آبرو ریزی کے ملزم فرار ہوگئے۔دوران ڈکیتی لڑکی سے اجتماعی آبرو ریزی کرنے والے ملزم پولیس حراست سے فرار ہو گئے۔ پولیس اہلکار ملزمان کو جائے وقوعہ لے کر جا رہے تھے کہ ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس وین کو گھیر لیا اور اہلکاروں پر اسلحہ تان کر زیر
حراست دو ملزمان کو لیکر فرار ہو گئے۔ڈی پی او نے کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر ارشد ڈوگر سمیت پانچ اہلکاروں کو معطل کردیا اور ان کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ فرار ہونے والے ملزمان میں دو بھائی جاوید اور پرویز شامل ہیں۔واضح رہے کہ تھانہ صدر فاروق آباد کے علاقے میں دوران ڈکیتی لڑکی کو اجتماعی آبرو ریزی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب انعام غنی کے نوٹس پر ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ مسیحی لڑکی کے ساتھ برا فعل کرنے والے ملزمان پولیس کی حراست سے فرار ہو گئے، جس پر ڈی پی او نے پانچ اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے اور ان کے حکم پر پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملزمان کے گرفتار ہونے کے بعد اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا تھا۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں درجنوں جرائم پیشہ افراد کے اسلحہ لائسنس منسوخ کردیئے گئے ۔ذرائع کے مطابق ایسے لوگوں کے اسلحہ لائسنس منسوخ کئے گئے ہیں جو مختلف جرائم میں ملوث ہیں اس کا مقصد جرائم کی روک تھام کرنا ہے اس کے علاوہ صوبہ بھر کے 36 اضلاع میں 900 کے لگ بھگ جرائم پیشہ افراد کے مجموعی طور پر اسلحہ لائسنس منسوخ کردیئے گئے ہیں۔