ٹوبہ ٹیک سنگھ (آن لائن) پٹرولنگ پولیس اہلکاروں کے زبردستی روکنے پرموٹر سائیکل سے گر کر نوجوان جاں بحق ہوگیا ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عمر فاروق نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی کمالیہ کو انکوائری کا حکم دے دیا ،تفصیل کے مطابق چھ روز قبل 17جنوری کی رات چک نمبر 759گ ب کا رہائشی اظہر عباس گنا
کے کنڈا سے واپس جاتے ہوئے راستہ میں بستی محمد آباد کے قریب مبینہ طور پر پٹرولنگ پولیس اہلکاروں کے زبردستی روکنے اور پیچھے سے اسکی چادر کھینچنے کے باعث موٹر سائیکل سے سر کے بل سولنگ پر گر کر جاں بحق ہوگیا تھا ،جس کے بعد اسکے ورثاء کو اطلاع ملی کہ اظہر عباس حادثہ کے دوران جاں بحق ہوا ہے ،جس پر ورثاء نے کارروائی سے گریز کیا ،مگر بعد میں ورثاء کو حقائق معلوم ہوئے کہ اظہر عباس کی موت پٹرولنگ پولیس اہلکاروں کی طرف سے اسکی چادر کھینچے جانے کے باعث ہوئی ہے ،جس پر اسکے ورثاء نے ایس پی پٹرولنگ اور ڈی پی او رانا عمر فاروق سے انکوائری کرکے حقائق سامنے لانے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ،ایس پی پٹرولنگ اور ڈی پی او رانا عمر فاروق نے ڈی ایس پی کمالیہ کو انکوائری کا حکم دیا ہے ،جبکہ ڈی ایس پی کمالیہ نے پٹرولنگ پولیس اہلکاروں قیصر اشفاق ،سرفراز ،ضیاء الرحمن ،محمد عثمان کو انکوائری کیلئے حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے ۔ دوسری جانب دیرینہ رنجش کی بناء پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے دو افراد کو شدید زخمی کردیا،تھانہ صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقہ چک نمبر 320ج ب میں دیرینہ رنجش اور راستہ سے گزرنے کی بناء پر ذوالفقار اور عمر وغیرہ نے
فائرنگ کرکے شاہ زیب اور اویس کو شدید زخمی کردیا ،اور موقع سے فرار ہوگئے ،پولیس کے مطابق دونوں فریقین آپس میں رشتہ دار ہیں ،اور دیرینہ رنجش چلی آرہی ہے ،جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عمر فاروق نے وقوعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتار ی کا حکم دیا ہے ۔