اسلام آباد(آن لائن) کرپشن ،بددیانتی اور قومی خزانہ لوٹنے والوں کیخلاف علم جہاد بلند کرنے والی حکومت نے چیف سیکرٹری پنجاب،سیکرٹری مواصلات اور وزیر مواصلات مراد سعید کیخلاف115ارب روپے کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑنے والے ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ کو عہدے سے الگ کردیا۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ اخلاق
احمد پر الزام تھا کہ انہوں نے حبیب بنک اور پاکستان پوسٹ کے مابین ہونے والی اربوں روپے کی ڈیل کی دستاویزات اپوزیشن کو فراہم کی تھیں،جس کے نتیجہ میں سیکرٹری مواصلات ظفر اور وزیر مواصلات نے اخلاق احمد کا جینا دوبھر کردیا تھا۔معاملہ پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے از خود نوٹس لیا تھا اور اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات کا حکم دیا تھا جبکہ سیکرٹری مواصلات ظفر نے کمیٹی اجلاس میں اقرار کیا تھا کہ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق نے پاکستان پوسٹ کو اپ گریڈ کرنے اور فنانشل سروسز فراہم کرنے کے نام پر حبیب بنک سے اربوں روپے کے معاہدے کو حتمی شکل دی تھی،جس میں پیپرا رولز اور دیگر قومی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اس معاملہ پر چیف سیکرٹری پنجاب جواود رفیق ملک اور سیکرٹری مواصلات ظفر وغیرہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اوراس کرپشن سکینڈل کا ذمہ دار قرار دیا تھا اور اس معاملے کی اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات کا حکم بھی دیا تھا۔سیکرٹری مواصلات نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ اخلاق احمد کا پچھلے دو مہینے سے زندگی اجیرن کر رکھی تھی۔سکینڈل کے مطابق پاکستان پوسٹ کے پورے ملک پر پھیلائے ہوئے نیٹ ورک کو حبیب بنک کے حوالے کرنا تھا جس کی اخلاق احمد نے شدید مخالفت کی تھی اور اب اس مخالفت کی قیمت انہیں عہدہ سے الگ ہونے کی صورت میں ادا کرنا پڑی ہے۔