لاہور(این این آئی) مقامی عدالت نے 25 ارب کی منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 19جنوری تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں 25 ارب کی منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کے صاحبزادے
سلمان شہباز کے وارنٹ جاری کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ۔عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 19جنوری تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔وارنٹ گرفتاری جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے جاری کیے گئے۔یاد رہے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل لاہور نے سلمان شہباز کے وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ 2008 سے 2018 کے دوران25ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنزکی گئی تھیں ، بینامی اکائونٹ کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی ، بینامی اکائونٹ کے پیچھے سلمان شہبازکا کردار ہے۔درخواست کے متن میں کہا تھا کہ سلمان شہباز27اکتوبر2018کولاہورایئرپورٹ سے برطانیہ چلے گئے تھے، متعددبارطلبی کے نوٹس جاری کئے مگر سلمان شہباز پیش نہیں ہوئے جبکہ سلمان شہباز اور ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج ہوچکا ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) اسیر رہا ئی کمیٹی برائے اظہار یکجہتی قا ئد کے سیکر ٹری اطلاعا ت، ممبرپی ڈی ایم رابطہ کمیٹی لاہور محمد سلیم ر ضا نے کہا ہے کہ حکمران عوام سے جینے کا حق بھی چھیننا چاہتے ہیں،حکومتی وزرا ء کام کرنے کے بجائے سارا دن اپوزیشن کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرتے نظرآتے ہیں،خوشنما نعروں اور بلند وبانگ دعوں پر
ووٹ دینے والے بددل اور مایوس ہوکر حکومت کا ماتم کر رہے ہیں ۔اپنے بیان میں انہو ں نے کہا کہ ایک طرف ملک کے کروڑوں عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں دستیاب نہیں، مائیں بچوں سمیت نہروں میں کود کر خود کشیوں کر رہی ہیں تو دوسری طرف حکمران روزبجلی،گیس اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں
اضافہ کرکے عوام کو مزید ظلم کی چکی میں پیس رہے ہیں،ظلم کے اس نظام کو اب مزید نہیں چلنے دیا جائے گا۔انہو ں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے غیر جمہوری حکومت کے خاتمے کیلئے جدوجہد شروع کردی ہے اور غیر جمہوری حکومت کے خاتمے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔