اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان میں تمام دہشت گرد اکٹھے ہورہے ہیں، دہشت گرد شیعہ سنی فسادات کرانا چاہتے ہیں،پاکستان ڈیفالٹ ہونے جارہا تھا اللہ نے رحم کیا ہم بچ گئے،اداروں میں وسائل کی کمی ہے ، انشا اللہ سب ٹھیک ہوجائے گا، مریم نواز کی حکمت عملی پٹ گئی ہے ،پیپلزپارٹی کبھی اپنی سندھ حکومت ختم نہیں کرے گی۔
ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ہزارہ برادری کے ساتھ پہلی بار تحریری معاہدہ ہوا ہے، ان کے شناختی کارڈ اور سیکیورٹی کا بھی مسئلہ ہے، ہزارہ برادری کے مسائل حل کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ اسامہ ستی قتل کیس کی تحقیقاتی رپورٹ آجائے گی، ملوث اہلکاروں کو موت کے منہ میں دھکیل دیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اداروں میں وسائل کی کمی ہے ، انشا اللہ سب ٹھیک ہوجائے گا، پاکستان ڈیفالٹ ہونے جارہا تھا اللہ نے رحم کیا ہم بچ گئے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز کی حکمت عملی پٹ گئی ہے ، یہ کہتے تھے سینیٹ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے، پیپلزپارٹی نے اپنا بیانیہ منوالیا ہے، پیپلزپارٹی کبھی اپنی سندھ حکومت ختم نہیں کرے گی۔شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن کے بعد ایک مارچ کرے گی، یہ لوگ خود کو زندہ رکھنے کیلئے ایک مارچ کریں گے، پی ڈی ایم کے لوگ اسلام آبادکا رخ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت چھوڑ سکتے ہیں لیکن اپوزیشن کو این آر او نہیں دیں گے، حکومت کہیں نہیں جارہی الیکشن وقت پر ہی ہوں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ مولانا کی پارٹی سے ’ش ‘ تو بن گئی ہے، ن لیگ میں بھی ’ش‘ لیگ بن جائے گی ،جو نیب کے ریڈار پر ہیں وہ استعفے دیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کے خلاف ہی الیکشن لڑے گی، ان دونوں جماعتوں میں مولانا گھسنا چاہتے ہیں، ن لیگ کا ووٹ ہی اینٹی پیپلزپارٹی ہے، پنجاب میں پیپلزپارٹی کا ووٹ نہیں، پنجاب میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کا مقابلہ ہوگا جبکہ سندھ میں پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی میں کا مقابلہ ہوگا۔