کراچی(این این آئی)وفاقی وزیر برائے نجکاری اورسابق نگراں وزیر اعظم میاں محمد سومرو مبینہ قبضے میں ملوث نکلے، اسسٹنٹ کمشنر نے غیر قانونی بنگلوں پر لال رنگ کا نشان لگادیا۔نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کڈنی ہل پہنچیں،
جہاں انہوں نے دس سے 12بارہ بنگلوں پر لال نشان لگایا، انہیں بنگلوں میں سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد سومرو کا بنگلہ بھی آگیا۔ذرائع کے مطابق مارک کیا گیا بنگلہ نمبر 114 میاں محمد سومرو کی ملکیت ہے، لیڈی اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے 15 روز میں بنگلہ خالی کرنیکا حکم دے دیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ کڈنی ہل پر بنے تمام بنگلے کروڑوں روپے مالیت کے ہیں۔بعد ازاں متعلقہ انتظامیہ نے کڈنی ہل پر بنائے گئے گھروں اور بنگلوں کے خلاف آپریشن کیا اس دوران دو بنگلوں کے دروازے اکھاڑ پھینکے، آپریشن کے وقت اسسٹنٹ کمشنر وقوعہ پر موجود رہیں۔واضح رہے کہ انتیس دسمبر کو چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد نے کمشنر کراچی کو ایک روز میں کڈنی ہل کی زمین سے تمام تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا تھا، چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ اگر کل تک کڈنی ہل کی زمین کلیئر نہ ہوئی تو کمشنر کو جیل بھیج دیں گے۔