اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ریلی کیلئے مدرسوں کے بچوں سے بھری گاڑی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایسے ہی جلسے کرنے ہیں تو بہتر ہے گھر بیٹھ جائیں، مدرسے کا سیاسی استعمال کسی بھی صورت قابل
قبول نہیں ہونا چاہیے۔ اتوار کو وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں مدرسے کے کم عمر طالب علم گاڑی میں بیٹھے ہوئے نظر آئے۔فواد چوہدری نے پی ڈی ایم قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسے ہی جلسے کرنے ہیں تو بہتر ہے کہ گھر بیٹھ جائیں۔ انہوں نے کہاکہ مدرسے کا سیاسی استعمال کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہونا چاہیے۔وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے پاس جب سیاسی قوت نہ ہو تو ایسے ہتھکنڈے استعمال کیے جاتے ہیں۔وفاقی وزیر فواد چوہدری کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیاکہ جمعیت علما اسلام پاکستان کی جانب سے 3مدرسوں سے بچوں کو پی ڈی ایم ریلی میں لایاگیا، جے یو آئی نے طالب علموں کیلئے ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی کیا۔رپورٹ کے مطابق جامعہ ابوہریرہ، حاصل پور کے مدرسے احیائے العلوم اور مدرسہ انوار مدینہ اے پی ای سے مدرسے کے طالب علموں کو ریلی میں شرکت کے لیے لایا گیا۔