لاہور(این این آئی) پنجاب حکومت نے غریب اور مستحق خواتین کو فیملی کیسز میں وکلا ء کی مفت معاونت کا منصوبہ تیار کر لیا، مستحق خواتین کو طلاق، خرچہ نان نفقہ، بچوں کی حوالگی، جہیز واپسی کیلئے حکومت مفت قانونی مدد فراہم کرے گی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی مستحق خواتین کو فیملی کیسز میں مفت وکلا ء کی خدمات فراہم کرے گی اور اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی عبدالصمد نے منصوبے کو حتمی شکل دیدی۔ مفت قانونی امداد کی خواہشمند مستحق غریب خواتین سے جلد درخواستیں طلب کی جائیں گی، مفت قانونی امداد کی خواہشمند مستحق خواتین ڈی جی پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی کو درخواست دیں گی۔ مستحق خواتین کیلئے زکو ۃ حاصل کرنے،20 ہزار سے کم ماہانہ آمدن ہونے کی شرط پر پورا اترنا لازم ہوگا، خواتین کیلئے ذاتی گھر کے علاوہ دو لاکھ سے کم منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی شرط پر پورا اترنا بھی لازم ہوگا، مستحق خواتین کو اثاثوں اور ماہانہ بیس ہزار سے کم آمدن ہونے کے متعلق بیان حلفی بھی جمع کروانا ہوگا۔ اثاثوں اور ماہانہ آمدن کے متعلق جمع کروائے گئے بیان حلفی میں غلط بیانی ثابت ہونے پر قانونی کارروائی ہوگی۔ڈی جی پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی عبدالصمد کا کہنا ہے کہ مستحق خواتین کو فیملی کیسز میں مفت وکلا ء کی فراہمی کے منصوبے پر جلد عملدرآمد کا آغاز ہوگا۔