لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران نے پیٹرولیم ،ایل پی جی اور فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیںبجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں مہنگائی کی مزید شدید لہر آئے گی ،کیا ریگولیٹری اتھارٹیزصرف قیمتیں
بڑھانے کیلئے قائم کی گئی ہیں ،حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس کا فی الفور نوٹس لے اور قیمتوں میں کمی کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہارمرکزی صدراشرف بھٹی نے اپنے بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ روزگارنہ ہونے اور مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید پہلے ہی ختم ہو چکی ہے لیکن حکومت نے اس پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مدمیں بجلی کی قیمتوںمیں اضافہ معمول بن گیا ہے اسی طرح پیٹرولیم کی قیمتوں میں بھی ہر پندرہ روزبعد اضافہ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم ، ایل پی جی اوربجلی کی قیمتوں میںاضافے سے ملک میں مہنگائی کی شدید لہر آئے گی اس لئے اسے واپس لیا جائے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ٹیکسز کی صورت میں اپنے منافع میں کمی کرے اور ان میں چالیس سے پچاس فیصد کمی کر کے انہیں دو سال کیلئے منجمد کیا جائے۔