کراچی(این این آئی) ملک کے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ای گیٹ نصب کئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق سول ایوی اتھارٹی (سی اے اے)نے ملک کے بڑے اور مصروف ہوائی اڈوں پر مسافروں کو جدید ٹیکنالوجی کیذریعے عالمی سفری سہولت متعارف کرانے کا فیصلہ
کرلیا ہے۔سول ایوی ایشن کے مطابق ملک کے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ای گیٹ نصب کئے جائیں گے، اور پہلے مرحلے میں جناح انٹر نیشنل، نیو اسلام آباد اور لاہور کے علامہ اقبال ائرپورٹ پر ای گیٹ نصب ہوں گے، جس کے لئے ٹینڈر طلب کرلیے گئے ہیں، جب کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے منصوبے کے لیے ٹینڈر نوٹس کا اشتہار بھی جاری کردیا ہے۔ای گیٹ نصب ہونے کے بعد ملکی ائیر پورٹس پر مسافروں کو پاسپورٹ یا ٹکٹ دکھانے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی، مسافر ائیرپورٹ پر داخل ہوتے ہی ای گیٹ کے ذریعے پاسپورٹ اور ٹکٹ اسیکن کرکے بورڈنگ کارڈ حاصل کر کے جہاز میں سوار ہوسکتے ہیں، جدید ٹیکنالوجی سے مسافروں کو عالمی سفری سہولت میسر ہوگی۔ای گیٹس خود کار طریقے سے مسافر کی شناخت کی تصدیق کے لئے بائیو میٹرک پاسپورٹ میں چپ میں موجود ڈیٹا کو استعمال کرتی ہیں، مسافر چہرے، فنگر پرنٹ، آئیرس پہچان یا طریق کار کا مجموعہ استعمال کرکے بایومیٹرک تصدیق سے گزرتے ہیں، شناخت کا عمل مکمل ہونے کے بعد، جسمانی رکاوٹ جیسے گیٹ یا ٹرنسٹائل گزرنے کی اجازت دینے کے لئے کھل جاتی ہے۔