لاہور(آن لائن)مسلم لیگ فنکشنل کے رہنماء محمد علی درانی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اور لندن میں ٹریک ٹو مذاکرات شروع ہوگئے ہیں، جنوری فروری میں استعفے بھی نہیں آئیں گے، لانگ مارچ آگے چلا جائے گا، سینیٹ الیکشن بھی ہوں گے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ سیاسی کشمکش کم کرنے کیلئے کچھ کردار پس پشت متحرک ہوسکتے ہیں، ان کرداروں میں عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ کے لوگ بھی شامل ہوسکتے ہیں، جو میڈیا کے سامنے نہیں آتے، ان میں وہی کردار ہوں گے جو مسئلے کو حل کرسکتے ہیں۔اس وقت سیاستدان آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جنگ کیلئے تیار بیٹھے ہیں، اس ماحول کو ایک دن میں یا چھڑی سے نہیں حل کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں ٹریک ٹو مذاکرات شروع ہوگئے ہیں، جنوری فروری میں استعفے بھی نہیں آئیں گے، لانگ مارچ آگے چلا جائے گا، سینیٹ الیکشن بھی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آخری ٹکراؤ کی چیزوں تک نہیں جانا ہے، رویوں میں شدت کو ختم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے ذہن کے مالک انسان ہیں، عمران خان کو سمجھانا مشکل کام ہے۔ان کو کوئی نہیں سمجھا سکتا، عمران خان کئی بار بیانات سے پیچھے ہٹے ہیں، عمران خان کو بھی شدت میں کمی لانا ہوگی۔