کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ کی توسط سے گوادر باڑ اور جزائر کو مرکز کے ماتحت لانے کے صدارتی آرڈیننس کو بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے
کا فیصلہ کرلیا۔ بی این پی کے مرکزی صدر سردار اختر جان مینگل نے ساجد ترین ایڈووکیٹ کی توسط سے گوادر میں اردگرد باڑ لگانے اور صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بلوچستان کے جزائر کو مرکز کے ماتحت لانے کے آرڈیننس کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس سلسلے میں مشاورت کے بعد ساجد ترین ایڈووکیٹ بلوچستان ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سردار اختر جان مینگل نے اپنے کونسل ساجد ترین ایڈووکیٹ کے ہمراہ خود عدالت میں پیش ہونے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ گوادر باڑ اور صوبائی حکومت کے ماتحت جزائر کو وفاقی حکومت کے ماتحت لانے کے فیصلے کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل واضح موقف اختیار کیا ہے کہ وفاق ایک بار پھر بلوچستان اور سندھ کے ساحلی پٹی پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔ یہ کس قسم کی ترقی ہے جو مقامی لوگوں کو اپنی سرزمین پر جانے سے روکتی ہے۔ یہ ترقی نہیں بلکہ استحصال ہے اور ہم اسے کبھی قبول نہیں کریں گے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ساجد ترین ایڈووکیٹ نے واضح کیا ہے کہ گوادر فروخت کے لئے نہیں ہے اور ہم کسی کو بھی بلوچستان تقسیم کرنے نہیں دیں گے۔