اسلام آباد (مانیٹرنگ + این این آئی) ن لیگ کے رہنما محمد سجاد اپنا استعفیٰ اسمبلی پہنچنے سے لاعلم نکلے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا استعفیٰ قومی اسمبلی کیسے پہنچا میں خود حیران ہوں، انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا استعفیٰ پارٹی صدر اور جنرل سیکرٹری
کو وٹس ایپ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی سے مل کر اپنا استعفیٰ واپس لے لوں گا، دوسری جانب قومی اسمبلی کے ترجمان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ممبران قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد کے استعفوں پر کارروائی ان کی طرف سے ان کے سرکاری لیٹر پیڈ پر موصول ہونیوالے استعفوں اور ان پر کئے گئے دستخطوں کی قومی اسمبلی کے ریکارڈ سے تصدیق کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔ترجمان قومی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی اور محمد سجاد کے استعفوں کے معاملے پر جاری بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ممبران قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد کے استعفوں پر کاروائی ان کی طرف سے ان کے سرکاری لیٹر پیڈ پر موصول ہونے والے استعفوں اور ان استعفوں پر کیے گئے دستخطوں کی قومی اسمبلی کے ریکارڈ سے تصدیق کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ ممبران کی طرف سے موصول ہونے والے استعفے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں موجود ہیں اور ان کی تصدیق کے لیے ممبران کو مراسلہ بھیجا گیا ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہو کر ان کی تصدیق یا تردید کریں۔ترجمان نے کہا کہ استعفوں پر کارروائی قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007 کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔ارکان کی طرف سے موصول استعفوں کی کاپی ترجمان کی طرف سے کی گئی وضاحت کے ساتھ منسلک ہیں۔