اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں اسمگل شدہ پٹرول اور غیر قانونی طور پر قائم آئل پمپس کو ختم کرنے کے لئے وزیراعظم نے ملک بھر کے صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو احکامات جاری کئے ہیں۔ ان خیالات
کااظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں انسداد سمگلنگ اقدامات کے حوالے سے غور کیلئے ایک اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں خاص پر پٹرول کی سمگلنگ پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم نے 7دن کے اندر تمام غیر قانونی پٹرول پمپس ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔غیر قانونی پٹرول پمپس اور تیل کی اسمگلنگ ختم کرنے سے ملک کو7ارب ڈالر کا فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے چیف سیکرٹریز اس حکم پر سختی سے عمل درآمد کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے میں ایف بی آر کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جلد ملک کو اقتصادی اور معاشی لحاظ سے مستحکم کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں پٹرول کی اسمگلنگ کو ختم کرنا ہوگا اور کسی قسم کا غیر قانونی پٹرول کا دہندہ اور اسمگلنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔