لاہور( این این آئی )جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما و پی ڈی ایم کے نائب صدر عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ تمام طبقات کا متفقہ مطالبہ ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ ہو کیونکہ یہ منتخب ہوکر نہیں آئے ،بین الاقوامی اور قومی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے عمران خان کو اقتدار دیاگیا،حکمران یہاںیورپ کی طرز پر معاشرت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے
تیرہ دسمبر کے جلسے کے سلسلہ میں جامعہ مدنیہ کریم پارک لاہور میں علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے رہنمائوں سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ عبد الغفور حیدر نے کہا کہ تیرہ دسمبر کو مینار پاکستان میں تاریخی جلسہ ہوگا،کبھی ایسا نہیں ہوا کسی منتخب حکومت کے خلاف تمام جماعتیں اورتمام طبقات سراپا احتجاج ہوں اور وہ ٹھہر جائے ،تمام طبقات کا متفقہ مطالبہ ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ ہو کیونکہ یہ منتخب ہوکر نہیں آئے اس لئے انہیں جانا چایے ،حکومت ہٹ دھرم ہو چکی ہے ،کبھی کہتے جلسہ کریں کنٹینر دیدیں گے کھانا دیں گے لیکن جب احتجاج کرتے یا جلسہ کرتے تو پانی چھوڑ دے دیتے ہیں ،ہم کہتے وزیر اعظم نااہل اور نالائق ہے کیونکہ یہ نہ تو خارجہ و داخلی پالیسی بناسکتا ہے اور نہ روزگار دے سکتا ہے ، اسٹیل ملز کے ساڑھے چار ہزار سٹیل ملازمین کو ایک ہی حکم میں بیروزگار کردیاگیا حالانکہ وزیرا عظم نے تھا ہم ڈیڑھ کروڑ نوکریاں دیں گے،یہ بھی کہا تھاپچاس لاکھ لوگوں کو گھر بنا کر دیں گے لیکن تجاوزات کے نام پر گھر وں اور مساجد کو مسمار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اور قومی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے عمران خان کو اقتدار دیاگیا،عمران خان ایجنٹ ہیں، مسلم عائلی قوانین کا بل پیش کیاگیا،عائلی قوانین کے تحت شادی یا نکاح کیا عذاب نہیں ہوگا ،حکمران یورپ کی طرز پر معاشرت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔مولانا امجد خان نے کہا کہ ہم جنگلے کے بجائے دروازوں سے مینار پاکستان جائیں گے ، تیرہ دسمبر کو
عوامی ریفرنڈم ہوگا ،قوم پی ڈی ایم کی جماعتوں کے ساتھ ہیں ،وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں اسلام اور جمہوریت بھی آئے گی ،معیشت اس مقام پر پہنچ چکی ہے دشمن ہمارے جہاز روکنے کیلئے بیتاب ہیں لیکن اس جہاز کو بچائیں گے۔مسلم لیگ (ن) کے حافظ نعمان نے کہا کہ تحریک کے نتیجے میں پاکستان کو دوبارہ مقام حاصل ہوگا،نوازشریف کی جمہوری حکومت میں جب ملک معاشی ترقی کررہاتھا اسے روکا گیا،تیرہ دسمبر کا جلسہ بنچ مارک ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی قرارداد کیلئے
یہ دس ممبران اکٹھے نہیں کر سکے ،ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے تحریک شروع ہو چکی ہے ،لاہور جاگ چکا ہے تیرہ دسمبر کو عوام کا سمندر ہوگا جو حکمرانوں کو بہا کر لے جائیگا۔ڈاکٹر جاوید اختر نے کہا کہ کنونشن کا مقصد 13 دسمبر کے جلسے کو کامیاب کرنا ہے ،ان حکمرانوں کو حکومت سے ہی نہیں ملک سے نکالنا ہے ،علما ئے کرام جب بھی اکٹھے ہوئے کامیاب ہوئے ،جب سے حکومت بنی ہے
مولانا اویس نورانی کندھے سے کندھا ملا کر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ 13دسمبر کا جلسہ تاریخی ہو گا ،حکمرانوں کا جانا ٹھہرگیا ہے ،جمعہ کی نماز میں لوگوں کو جلسے میں جانے کا پیغام دیا جائے ،جب لاہور جاگتا ہے تو حکمران بھاگتا ہے ،اب لاہور جاگ چکا ہے فتح ہماری ہے۔مولانا صفیع اللہ نے کہا کہ پاکستان میں عالمی طاقتوں کا ہونا خطرناک صورتحال ہے،
حکمران عالمی پشت پناہی سے ملک پر ناجائز مسلط ہوئے،حکمرانوں کا دین کو مٹانے کا طرز عمل خطرناک ہے ،وقت کا تقاضہ ہے کہ قوم کو سامراج کے عزائم سے آگاہ کیا جائے۔حافظ یونس آزاد نے کہا کہ عمران خان نے اداروں اور جمہوریت کو نقصان پہنچاہے ،13 دسمبر کو ثابت کریں گے کہ ہم عمران نیازی اور پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف کیا کر سکتے ہیں۔امیر بہادر ہوتی نے کہا کہ لوگوں نے
انگریزوں کے خلاف جدوجہد کی ہے ،ہم انگریزوں کو نکال سکتے ہیں تو سلیکٹڈ عمران خان کو بھی نکال سکتے ہیں،لاہور کے جلسے کو کامیاب بنانے میں علما ء بھرپور کردار ادا کریں۔ علامہ یوسف اعوان نے کہا کہ عمران خان نے ختم نبوت کے خلاف سازشیں کی ہیں،یہ یہودیوں کے ایجنٹ ہیں ان کو مل کر بھگائیں گے۔