مالا کنڈ (این این آئی)مالاکنڈ کے سرکاری اسکول میں خواجہ سرائوں کے ناچ گانے کی محفل کرانے پر ڈپٹی کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے اسکول پرنسپل، چوکیدار اور لیویز تھانے کے انچارج کو معطل کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق دو روز قبل شب مالاکنڈ کے علاقے غنی ڈھیری میں گورنمنٹ گرلز پبلک اسکول کے چوکیدار امجد نے اپنی شادی کی خوشی میں اسکول کے اندر خواجہ سرائوں کے ناچ گانے کی محفل سجائی تھی
۔واقعہ پر ڈپٹی کمشنر مالاکنڈ ریحان خٹک نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر اسکول چوکیدار، پرنسپل اور کوپر لیویز تھانہ انچارج ظاہر شاہ کو معطل کر دیا۔معاملے کی تحقیقات کیلئے اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر پیر عبداللہ کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کی جانے والی کارروائی پر مالاکنڈ انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔