لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں نئے کرداروں کی انٹری کا انکشاف ہوا ہے ڈرائیور، کرنسی، کپڑے، کھانے اور موبائل بیچنے والوں کے نام بھی سامنے آگئے اور تمام افرادنے اپنی شناخت کا استعمال کرنے پر شہباز
فیملی کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہبازشریف کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں ڈرائیور، کرنسی،کپڑے، موبائل بیچنے والوں کے نام سامنے آگئے ہیں۔ نجی ٹی وی نے2009-12 کے درمیان سلمان شہباز، نصرت شہباز اور جویریہ علی کے نام پر لاکھوں ڈالرز کی جعلی ٹی ٹیز وصولی کی دستاویز حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔نیب ریفرنس رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بنک لاہور کے باہر کرنسی نوٹ فروخت کرنے والے محبوب علی کے نام پر 103450ڈالر کی ٹی ٹی وصول ہوئی۔دبئی میں کھانے پینے کی دکان کے ملازم رمیض شاہد محمود کے نام پر 517336ڈالر کی ٹی ٹی لگائی گئی۔رپورٹ کے مطابق دبئی میں کپڑے کی چھوٹی سی دکان چلانے والے الطاف ہارون کے نام پر 248756 ڈالر،کراچی میں 16 ہزار تنخواہ پر کلاتھ شاپ کے ملازم عدنان کے نام پر 199601،دبئی میں 3 ہزار درہم تنخواہ لینے والے ڈرائیور عابد شاہ کے نام پر 86900،دبئی میں مقیم موبائل شاپ کے ملازم خیال نواز کے نام پر 53950،دبئی میں دکان پر سیلز مین نعمان کے نام کر 48941 جبکہ امٹ گل کے نام پر 59950ڈالرز کی جعلی ٹی ٹیزپاکستان میں وصول کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق تمام افراد نے اپنی شناخت کا استعمال کرنے پر شہباز شریف خاندان کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی ہے۔