لاہور(این این آئی) پیپلز پارٹی کے وفد نے جاتی امراء رائے ونڈ میں مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کر کے محترمہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کی۔ جاتی امراء کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری
چوہدری منظور احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا وفد بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کے لئے حاضر ہوا،یہ شریف خاندان کے لئے یقینا بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے جلسوں کو روکنے کے لئے کرونا کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے،پی ڈی ایم جو فیصلہ کرے گی پیپلز پارٹی اس پر عمل کرے گی،پی ڈی ایم نے اگر اپنا بھرپور کردار ادا نہ کیا تو شاید لوگ مزید انتظار نہ کریں،ہم نے جیلیں کاٹی ہیں، اپنا وقت ہم گزار ہی لیں گے۔۔ انہوں نے کہا کہ ڈر ہے کہ حکمران ملک کا حال بھی پی آئی اے جیسا نہ کر دیں،سردی کی آمد کے ساتھ ہی گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی ہے، معیشت کا حال سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی طبیعت ناساز ہے، انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیاہے،منگنی کا فنکشن ان کا فیملی فنکشن ہو گا۔بلاول بھٹو نے کورونا ٹیسٹ کرایا ہے جس کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئی، رپورٹ کے آنے تک وہ منگنی کے فنکشن میں شرکت نہیں کر سکیں گے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر چیز کا افتتاح یا ملتوی کرتی ہے یا تاخیر سے کرتی ہے۔