فیصل آباد (آن لائن)حکومت پنجاب نے اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لئے بلا سود قرضوں کی فراہمی کی سکیم کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔سکیم کے تحت جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لئے فی بھٹہ 20 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرضہ دیا جائے گا، قرض پر صرف دو فی صد آپریشنل چارج وصول کیا جائے گا جبکہ بھٹے کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کا
عمل تین ماہ میں مکمل کرنا ہو گا۔قرضے کی واپسی دو سال میں ہوگی، قرضے کی فراہمی کے لئے ضلع کی سطح پر کمیٹیاں بنیں گی، ان کمیٹیوں میں محکمہ صنعت و تجارت، محکمہ تحفظ ماحولیات اور برکس کلن اونرزایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہونگے۔جو بھٹے جدید ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے انہیں بھی بلاسود قرضے کی سہولت ملے گی۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل محکمہ ماحولیات پنجاب ڈاکٹر خرم شہزاد نے جڑانوالہ روڈ پر چوہدری اشرف ساہی کے زگ زیگ بھٹے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب نسیم الرحمن شاہ،مرکزی صدر بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن شعیب خان نیازی،جنرل سیکر ٹری مہر عبدالحق،ضلعی صدر چوہدری عبدالرزاق باجوہ،ڈویژنل صدر حاجی اسلام ،جنرل سیکر ٹری حاجی غلام مصطفی، میاں فرمان،میاں یوسف، حافظ اکرم ،امین باجوہ، رانا رشید اور دیگر اضلاع کے صدور اور سیکر ٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی جی نے کہا ہے کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت صوبے بھر کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 11 اضلاع لاہور، راولپنڈی گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، ملتان، شیخوپورہ، اوکاڑہ، جہلم، ساہیوال اور قصورکے بھٹوں کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔ بھٹوں کی جدید ٹیکنالوجی پرمنتقلی کیلئے ہر ممکن سہولت دیں گے۔ ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی ضروری ہے، بھٹوں کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کیلئے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن بلاسود قرضوں کی سکیم لارہا ہے۔