اسلام آباد،ٹورنٹو (این این آئی)پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنرکرسٹن ٹرن نے مسلمانوں کوعید میلادالنبیۖ کی مبارکباد دی۔برطانوی ہائی کمشنر نے ٹوئٹ کے ذریعے عید میلاد النبیۖ کی مبارکباد دی اور عید میلاد النبیۖ کا کارڈ بھی شیئر کی۔
برطانوی ہائی کمشنر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان، برطانیہ اور دنیا بھر میں مسلمانوں کو عیدمیلاد النبی ۖ مبارک۔ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے کہا کہ اس موقع پر نبی حضرت محمد ۖ کے الفاظ یاد آرہے ہیں، حضرت محمد ۖ نے فرمایا تھا کہ رحم دلی ایمان کی علامت ہے، حضرت محمد ۖ نے فرمایا تھا کہ جس میں رحم دلی نہیں اس میں ایمان نہیں۔دریں اثناکینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈونے کہاہے کہ ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ غیرضروری طور پر لوگوں کی دل آزاری نہ ہو، آزادی اظہار رائے کا دفاع کریں گے مگر یہ حدود کے بغیر نہیں ہونی چاہیے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ہمیں دوسروں کے لیے احترام کے ساتھ کام کرنا چاہیے، کوشش کرنی چاہیے کہ غیرضروری طور پر لوگوں کی دل آزاری نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے الفاظ اور اعمال کے دوسروں پر اثرات کا علم ہوناچاہیے۔وزیراعظم کینیڈا نے کہا کہ ان پیچیدہ مسائل پر ذمے داری کے ساتھ ڈائیلاگ کے لیے معاشرہ تیار ہے۔