کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی میں سندھ کے آئی جی پولیس مشتاق مہر کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ پولیس کے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف کردار کو سراہا۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سندھ کے وزیراعلی مراد علی شاہ اور سندھ پولیس کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بطور حکمران جماعت کے سربراہ اعلی پولیس افسران کے سامنے کراچی واقعے پر اظہار مذمت کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ پولیس نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف قابل ستائش خدمات سرانجام دی ہیں۔سندھ پولیس نے ملک دشمن عناصر کے خلاف مثالی کارنامے انجام دئیے۔ چینی قونصل خانے کا تحفظ گواہ ہے کہ سندھ پولیس نے خارجہ امور کے تحفظ کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کیا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ کا دفاع گواہ ہے کہ سندھ پولیس نے پاکستان کے معاشی حب کی زندگیاں دے کر حفاظت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف نے مجھے کراچی واقعے کی شفاف تحقیقات کی یقین دہائی کرائی ہے۔ آرمی چیف نے مجھے یقین دہانی کرائی ہے کہ کراچی واقعے کی تحقیقات کے جلد نتائج سامنے آئیں گے۔سندھ حکومت بھی کراچی واقعے کی وزرا کی سطح پر تحقیقات کررہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد پر سندھ پولیس کی خدمات کا معترف ہوں۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ سندھ کے عوام کا صوبے کی پولیس پر فخر کا تسلسل جاری رہے گا۔