گوجرانوالہ (این این آئی) اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسہ کے دور ان حکومت کی جانب سے کئی مقامات کنٹینرز لگا کر علاقوں کو سیل کیا گیا جس کے باعث رہنماؤں اور
کارکنوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔ جمعہ کو گوجرانوالہ میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے ایک جلسے کے ساتھ حکومت مخالف تحریک کا آغاز کر دیا ہے تاہم اس دوران اپوزیشن رہنماؤں ں اور کارکنوں کو کنٹینرز کی صورت میں رکاوٹوں کا سامنا کر نا پڑا۔جلسے سے قبل لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے مسلم لیگ (ن)کے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ اور شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر کنٹینر لگا کر ان علاقوں کو سیل کر دیا ہے جبکہ گوجرانوالہ میں لیگی رہنما اور سابق وزیر دفاع خرم دستگیر کے گھر کے باہر بھی کنٹینرز لگا دئیے گئے ہیں۔بی بی سی کے مطابق گوجرانوالہ میں 31 مقامات کو کنٹینرز لگا کر سیل کیا گیا ہے۔ لاہور میں رنگ روڈ کو بھی بلاک کیا گیا ہے جس سے موٹر وے تک رسائی مشکل ہو گئی ہے۔