اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مریم نواز نے پہلے بھی جیل کاٹی ہے، اب بھی کاٹ لیں گی۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ لوگ مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ آچکے ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ
مہنگائی سمیت دیگر مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہیے،تمام مسائل کا حل انتخابات میں پوشیدہ ہے اور یہی درمیانی راستہ ہے۔ن لیگ کے مرکزی رہنما نے کہا کہ ملک میں کہیں بھی ترقی نظر نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ ٹائیگر فورس کہاں ہے؟ ابھی تک تو دکھائی نہیں دے رہی ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن کی خصوصی کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ کب استعفے دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک حصول اقتدارکے لیے نہیں ہے، ہم عوامی مسائل کا حل چاہتے ہیں۔(ن )لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے واضح طور پر کہا کہ اصولی طور پرساری جماعتیں استعفیٰ دینے کے آپشن پرمتفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سرکاری ملازمین بھی سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بطور سابق وزیراعظم میں کوئی مراعات نہیں لے رہا ہوں۔ن لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت نے تو پورا ملک بٹھا دیا ہے تو ایسے میں روز ویلٹ ہوٹل اور پی آئی اے کی کیاحیثیت ہے؟