سیالکوٹ (این این آئی)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک کی احتجاجی سیاست کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے اور ابو بچاؤ مہم کو انتشار پھیلاؤمہم میں تبدیل کردیا گیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جب بھی ملک کی معیشت اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا شروع کرتی ہے پاکستان کے دشمن ایک ایجنڈے پر کام کرنا شروع
کردیتے ہیں، وہ پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہوتا نہیں دیکھ سکتے لہٰذا کبھی اپوزیشن تحریک شروع کردیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے تحریک کا جو شوشہ چھوڑا ہے اس کی کیا اخلاقی حیثیت ہے، ابو بچاؤ مہم کو انتشار پھیلاؤمہم میں تبدیل کردیا گیا، اس تحریک کا نہ سیاسی اور نہ سیاسی جواز ہے، یہ اگلے انتخابات تک انتظار نہیں کرسکتے کیونکہ یہ جیلوں میں جارہے ہیں، احتساب کے عمل کو سبوتاڑ کرنا اپوزیشن کی تحریک کا مقصد ہے تاہم احتساب کے عمل سے پیچھے ہٹ گئے تو ووٹر ہم سے سوال کرے گا۔انہوں نے کہاکہ اس تحریک کا آئین و قانون سے کوئی تعلق نہیں ہے، ان کا تمام تر زور اپنے آٹھ کیسز پر ہے، نواز شریف اور ان کے بیٹے لندن میں ہیں، چاہتے ہیں کہ کارکن سڑکوں پر نکلیں، ہمیں آپ کو جیلوں میں رکھنے کا کوئی شوق نہیں بس ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کردیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو 3 ماہ کے لیے سرگرمیاں معطل کرنی چاہئیں، پاکستان میں اللہ کے فضل و کرم سے کورونا کا معاملہ نہیں بگڑا، این سی او سی نے اس کے لیے بڑی محنت کی لیکن اب ہم کہیں اپنی بیوقوفیوں سے اس کو دوبارہ مسلط نہ کر لیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی ہی وہ واحد ذریعہ جس سے ہم آگے جاسکتے ہیں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور بائیو میڈیکل پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، پنجاب کا وہ علاقہ جو ملک کو معاشی طور پر بہت فائدہ سے سکتا ہے وہ سیالکوٹ ہے،
سیالکوٹ صنعت و تجارت کے ساتھ مل کر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کام کر رہی ہے اور کوشش ہے کہ پورے سیالکوٹ ضلع کو خصوصی اقتصادی زون قرار دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ معیشت پر دباؤ ہونے اور مہنگائی کی وجہ اخراجات آمدن سے زیادہ ہونا ہے، جب آمدن بڑھائیں اور اخراجات کم کریں گے تو مہنگائی کم ہوگی اور صنعت و معیشت بھی ترقی کرے گی، ہمارا مسئلہ یہ
رہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو صرف درآمد کرنے والا ملک بنا دیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس آنے تک ہم اپنا کچھ بھی نہیں بنا رہے تھے تاہم چار ماہ ماسک سے لے کر وینٹی لیٹر تک ہر چیز ہم نے اپنی بنائی اور پاکستان آج کورونا سے حفاظت فراہم کرنے والے سامان کا بڑا برآمد کنندہ ہے۔سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پی
ٹی اے کی پابندی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم کو آج مراسلہ لکھا ہے جس میں ان کی توجہ اس جانب دلائی ہے کہ اس طرح کے فیصلوں سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کاروبار بالکل بیٹھ جائے گا، پہلے ہی ہم اس حوالے سے پیچھے ہیں اور اس طرح کے فیصلوں سے اتنا نیچے چلے جائیں گے کہ اٹھ ہی نہیں سکیں گے۔