اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )اے پی سی اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خطاب پر پاکستانی عوام تقسیم ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گیلپ پاکستان کے سروے کے مطابق 33 فیصد لوگوں نے آل پارٹیز کانفرنس میں نواز شریف کے بیانیے کی
حمایت کی ہے جبکہ 39فیصد افراد نے بیانیے کو مستر د کر دیا ہے ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سروے میں نواز شریف کے وزیراعظم عمران خان پر ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کے الزام کو 47 فیصد افراد کی تائید ملی جب کہ 41 فیصد نے ان کے الزام کو غلط قرار دیا ۔گیلپ پاکستان کا نیا سروے ملک کے 100 اضلاع میں 1500افراد سے کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے 20 ستمبرکو ہونے والی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے خطاب میں کہا تھا کہ عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا سنگین جرم ہے، عوام کے حق حکمرانی کو تسلیم کیا جائے۔