پشاور(این این آئی) خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کاامکان ہے،بارشوں کاسلسلہ بدھ کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا نیاسلسلہ آج رات سے شروع ہونیکا امکان ہے۔محکمہ موسمیات
کے مطابق بارشوں کاسلسلہ بدھ کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کر دیا۔ تمام ضلعی انتظامیہ، ریسیکیو 1122 کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ۔تیز ہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی گئی ہے، سیاح دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ محکمہ موسمیات نے مون سون ہوائوں کے ہفتہ کی شام سے پاکستان میں داخل ہونے اورہفتے سے بدھ تک بالائی پنجاب، کشمیر، خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے اتوار سے منگل کے دوران جنوبی پنجاب میں تیز ہوائیں چلنے اور آندھی کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ 27سے 29ستمبر کے دوران بالائی پنجاب سمیت خیبر پختونخوا، گلگت،کشمیر اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی اسلام آباد اور گرد و نواح میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس سے موسم ٹھنڈا ہو گیا ہے۔ اس طرح موسم سرما نے دستک دے دی ہے، بارشوں کے اس سلسلے کے بعد لوگوں کو گرم کپڑے نکالنے پڑ سکتے ہیں۔