لاہور (آ ن لائن) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سینیٹر پرویز رشید نے شیخ رشید کے بیانات پر معتبرقومی کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ مناسب ہوگا غیراعلانیہ ترجمان کی بے قابو زبان کو تالے لگائے جائیں، ورنہ قومی کمیشن
بنایا جائے، جو اْن ذمہ داروں کا تعین کرے جن کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر جوابدہی کا سامنا ہوا۔انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے بیانات پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اے پی سی اعلامیہ اور کانفرنس تقاریر کے بعد غیراعلانیہ ترجمان واویلا مچا رہے ہیں۔ ”نادان دوست“ شجرِممنوعہ موضوعات کو قوم کی توجہ کا مرکز بنا رہے ہیں۔ مناسب ہوگا غیراعلانیہ ترجمان کی بے قابو زبان کو تالے لگائے جائیں، یا پھر ان ممنوعہ موضوعات پر کھلے مباحثے کو برداشت کرنے کی سکت پیدا کی جائے۔پرویز رشید نے کہا کہ بصورت دیگر معتبر قومی کمیشن قائم کیا جائے۔ کمیشن اْن ذمہ داروں کا تعین کرے جن کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر جوابدہی کا سامنا ہوا۔