لاہور( این این آئی+ مانیٹرنگ )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر مملکت طلال چوہدری زخمی حالت میں لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے رہنما طلال چوہدری کو زخمی حالت میں لاہور کے نجی ہسپتال لایا گیا۔ ان کے بھائی بلال چوہدری کے مطابق کنال روڈ پر نا معلوم افراد نے ان پر حملہ کیا اور انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں ۔
قبل ازیں ان کے گھر والوں کے حوالے سے یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ طلال چوہدری گھر میں گرنے سے زخمی ہوئے اور ان کے کندھے پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔ یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ طلال چوہدری پر مبینہ طور پر مسلم لیگ (ن) کی ایک خاتون رکن قومی اسمبلی کے بھائیوں نے تشدد کیا جس کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میںنجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ہسپتال ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ طلال چوہدری کی مختلف جگہ سے ہڈیاں بھی فریکچر ہوئی ہیں ۔ طلال چوہدری نے 23 ستمبر کی رات پولیس کو بتایا کہ عبداللہ گارڈن میں ان کے ساتھ ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ہے اورانہوں نے کال کرکے مدد مانگی، کچھ ہی دیر بعد خاتون رکن کی بھی پولیس کو کال آگئی اور لوکیشن کا بتاتے ہوئے موقف اپنایا کہ کچھ لوگ انہیں ہراساں کررہے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عائشہ رجب علی کا گھر عبداللہ گارڈن میں ہے اور وہ کینال روڈ پر ہی واقع ہے، خاتون کی رہائش گاہ بھی یہیں پر ہے اور 23 ستمبر کو طلال چوہدری نے کال کرکے ڈکیتی کی اطلاع دی اور مدد مانگی، کچھ دیر بعد لیگی رکن اسمبلی عائشہ رجب علی بلوچ کی جانب سے پولیس کوکال کی گئی۔ جیو ٹی وی تو اس واقعہ کے موقع پر بنائی گئی ویڈیو بھی سامنے لے آیا ہے ، جس میں پولیس اہلکار یہ کہہ رہا ہے کہ آپ دونوں نے کال کی، اب دونوں کا نمبر بند ہے جس پر طلال چودھری کہتے ہیں کہ انہوں نے میر ا فون لے لیا،
میری آخری لوکیشن یہاں کی ہے، میری مووی بنائیں، ان کی ساری عورتوں کے ان سے نمبر لیں، میں یہیں کھڑا ہوں، جس کو مرضی بلائیں، انہوں نے تنظیم سازی کے لیے بلایا اور اس کے لیے تین فون کیے، میری بازو ٹوٹ گئی، ایس پی صاحب کو بھی بلا لو۔ جب لیگی رہنما نے کہا کہ انہوں نے تنظیم سازی کے لیے بلایا تو ایک شخص کہتا ہے کہ ہیں؟ ہیں؟ جس کے جواب میں لیگی رہنما
نے کہا کہ جب فون ملے گا، سب پتہ چل جائے گا۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ خاتون ایم این اے کے گھر کے باہر پیش آیا، لیگی رہنما نے بھی کال کی اور خاتون ایم این اے بھی پولیس کو کال کی جب پولیس موقع پر پہنچی تو ایک طرف خاتون ایم این اے اوراس کے رشتہ دار تھے اور دوسری طرف طلال چوہدری
زخمی حالت میں پڑے تھے۔موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکار نے اپنے اعلیٰ حکام کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ لیگی رہنما کے ساتھ یہ واقعہ ہوا ہے، ہائی لیول مسئلہ ہے، جناب کو یہاں آنا پڑے گا۔ پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان صلح ہو گئی ہے جس کے بعد پولیس واپس چلی گئی ہے۔