لاہور ( این این آئی) سوشل میڈیا پرمبینہ طور پر بلیک میلنگ سے تنگ آ کر لڑکی نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ،مرکزی ملزم کی گرفتاری کے باوجود اس کے دوستوں نے لڑکی کو بلیک میل کرنا نہ چھوڑا اور مبینہ طو رپر لڑکی نے ایف آئی اے
سائبر کرائم ونگ کے فعال کردار ادا نہ کرنے کی وجہ سے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق کوٹ لکھپت کی رہائشی رمشا نامی لڑکی نے علی نیازی نامی لڑکے کی جانب سے سوشل میڈیا پر مسلسل بلیک میل کرنے اور پیسے بٹورنے سے تنگ آ کر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو درخواست دی جس پر ملزم کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ مرکزی ملز م کی گرفتاری کے باوجود اس کے دوستوں نے لڑکی کو بلیک میل کرنا نہ چھوڑا اور لڑکی کی جانب سے اس سلسلہ میں مبینہ طور پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے افسران اور متعلقہ تفتیشی کو بھی آگاہ کیا گیا لیکن اس کی شنوائی نہ ہوسکی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس سے دلبرداشتہ ہو کر رمشا نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ۔