اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی پرگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ پارلیمانی قیادت نے خود جاکر عسکری قیادت سے ملاقات نہیں کی۔
ہمیں فون آیا کہ عسکری قیادت کو پارلیمانی لیڈرز سے ملنا ہے،ہمیں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کے حساس معاملہ پر میٹنگ ہے، ماضی میں بھی کشمیر اور گلگت بلتستان کے حوالے سے ایسا ہوتا رہا ہے، میں نے میٹنگ میں پوچھا کہ وزیراعظم عمران خان کیوں اس میٹنگ کی صدارت نہیں کررہے۔میرا سوال تھا کہ یہ میٹنگ وزیراعظم ہائوس یا کمیٹی روم میں کیوں نہیں ہورہی ہے، پارلیمانی جمہوریت میں لیڈر آف دی ہاوس وزیراعظم ہوتے ہیں، اگر وہ خود کو اس نظام سے بالا سمجھے گا تو ملک کیسے چلے گا، کشمیر کے معاملہ پر بھی وزیراعظم ملکی تنظیمی قیادت کی میٹنگ میں شریک نہیں ہوئے تھے بلکہ دوسرے کمرے میں بیٹھے رہے۔