اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف علما کرام نے آبروریزی میں ملوث مجرموں کو نامرد بنانے کی تجویز مسترد کر دی۔ مہتمم اعلی جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے قانون کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں شرعی سزائیں موجود ہیں۔
ایسی کوئی سزا قابل قبول نہیں ہے جو قرآن و حدیث میں نہ ہو،بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبد الخبیر نے کہا کہ اسلام میں آبروریزی میں ملوث افراد کوسخت سزا دینے کا کہا گیا ہے۔اس لیے سانحہ موٹروے کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سے سخت سزا دی جائے۔علما کرام کے مطابق شریعت میں اس مکروہ کام میں ملوث شادی شدہ افراد کو عوام کے سامنے سنگسار جب کہ غیر شادی شدہ افراد کو 100 کوڑے مارنے کی سزا سنائی گئی ہے۔یاد رہے کہ ایک انٹرویو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے ایسے مجرموں کی مردانہ صلاحیت سے محروم کرنے کی تجویز دیدی اور کہا ایسے مجرموں کی سرجری کرکے ناکارہ بنا دینا چاہیے تاکہ وہ کچھ کر ہی نہ سکیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو وزیراعظم نے کہا سانحہ موٹروے نے پوری قوم کو ہلا دیا،بچوں کے سامنے جو ہوا اس سے صدمہ پہنچا ہے