کراچی (این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی سماعت کے دوران نیب سے سوال کیا ہے کہ سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی والدہ اور اہلیہ کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی سماعت کے دوران سابق صوبائی
وزیر شرجیل میمن اور ریفرنس میں نامزد دیگر تمام ملزمان کی فردا فردا تفصیلات پوچھیں۔عدالت نے سوال کیا کہ شرجیل میمن کی اہلیہ صدف شرجیل اور والدہ زینت انعام کہاں ہیں؟راج علی واحد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ دونوں نے ضمانت حاصل نہیں کی، عدالت میں پیش ہو رہی ہیں۔جسٹس کے کے آغا نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نیب کیس تو ناقابلِ ضمانت ہے، اگر دونوں خواتین نے ضمانت حاصل نہیں کی تو نیب کو انہیں گرفتار کرنا چاہیے، لگتا ہے کہ نیب کو انہیں گرفتار کرنے میں دلچسپی نہیں ہے۔ملزمان کے وکیل نے جواب دیا کہ چیئرمین نیب اور احتساب عدالت نے وارنٹِ گرفتاری جاری نہیں کیے۔عدالت نے کہا کہ ہم سب سے پہلے مرکزی ملزم شرجیل میمن کے وکیل کے دلائل سننا چاہتے ہیں۔عدالت کے حکم پر شرجیل میمن کے وکیل منیر اے ملک نے دلائل دیئے، اس دوران سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ بھی کیا گیا۔واضح رہے کہ شرجیل میمن کی اہلیہ صدف شرجیل اور والدہ زینت انعام بھی ریفرنس میں نامزد ہیں۔