لاہور (آن لائن) مقامی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گرفتار 58 کارکنوں کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان لیگی کارکنوں کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور پاکستان مسلم لیگ (ن)
کی رہنما مریم نواز کے نیب آفس پیش ہونے پر کی جانے والی ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جنہیں ہتھکڑیاں لگا کر ماتحت عدالت میں پیش کیا گیا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تھانہ چوہنگ پولیس کی مذکورہ ن لیگی کارکنان کے مقدمے کا ریکارڈ کی عدم فراہمی کے باعث ان کارکنوں کی درخواست ضمانت پر دو مرتبہ سماعت ہوئی۔ پولیس نے گرفتار (ن) لیگی کارکنوں کو جمعرات کی صبح جب عدالت میں پیش کیا۔ تو تھانہ چوہنگ پولیس لیگی کارکنوں کے مقدمے سے متعلق ریکارڈ عدالت میں پیش نہ کرسکی۔ جس پر لیگی کارکنوں نے پولیس کے خلاف احتجاجی کرتے ہوئے عدالت سے کیس آج ہی سننے کی استدعا کی۔ جس پر عدالت نے تھانہ چوہنگ پولیس کو مقدمے کا ریکارڈ آج ہی پیش کرنے کا حکم دیا۔ ریکارڈ پیش کرنے پر عدالت نے 58 کارکنوں کی درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تمام کارکنوں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کردیا ہے۔