لاہور (آن لائن) پنجاب اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئرمین رکن اسمبلی میاں شفیع محمد کی زیر صدارت شروع ہوا۔ وقفہ سوالات اور معمول کی کارروائی کے بعد حکومتی اور اپوزیشن ارکان بشمول مولانا محمد الیاس چنیوٹی، میاں جمیل احمد شرقپوری، باسمہ چودھری اور خدیجہ عمر فاروقی نے ”تحفظ بنیاد اسلام“ بل کے حق میں گفتگو کی۔ اس موقع پر مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے کہا کہ وہ سپیشل کمیٹی کے ممبر تھے جس میں اس بل کو زیر بحث لایا گیا، 14ماہ اس بل پر گفت و شنید ہوئی، تمام پارٹیوں
نے اپنی اپنی رائے دی اور اس کے تمام پہلوؤں کو زیر غورلایا گیا، بعدازاں اسمبلی نے اسے متفقہ طور پر منظور کر لیا لہٰذا اب اس پر مزید بحث کی ضرورت نہیں۔ اس حوالہ سے پینل آف چیئرمین رکن اسمبلی میاں شفیع محمد نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی سپیشل کمیٹی، اسمبلی اور صوبائی کابینہ اس بل کو متفقہ طور پر پاس کر چکی ہے تاہم اس بارے میں اگر مزید کوئی ترامیم آئیں تو اسمبلی ان پر غور و خوص کرے گی۔ بعد ازاں اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔