اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے ارکان قومی اسمبلی کو ایوان میں بہن بھائی کہنے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ایوان میں ارکان کو معزز رکن کہا جاتا ہے ۔قومی اسمبلی اجلاس کے دور ان پارلیمانی سیکرٹری داخلہ شوکت علی خان نے مسلم لیگ (ن )کی رکن طاہرہ اورنگ زیب اور تحریک انصاف کی نفیسہ عنایت اللہ خٹک
کو بڑی بہنیں کہا تھا ۔راجہ پرویزاشرف نے کہاکہ اسمبلی قواعد اجازت نہیں دیتے کہ ایوان میں کسی رکن کو بہن بھائی کہا جائے ،ایوان میں ارکان کو معزز رکن کہا جاتا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری شوکت علی نے کہاکہ ہم پٹھان لوگ ہیں ہماری روایات ہیں ہم دوستوں کو بہن بھائی کہہ کر پکارتے ہیں، قواعد اجازت نہیں دیتے تو آئندہ کسی رکن کو بہن بھائی نہیں معزز رکن کہوں گا۔