لاہور(این این آئی)پنجاب حکومت نے عید الاضحی پر صوبے بھر کے پارکس اور تفریحی مقام بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ کابینہ کمیٹی برائے کورونا اینڈ ڈینگی کنٹرول کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ اجلاس میں عید الاضحی کے ایام میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔اس کے علاوہ اجلاس میں سکولوں کے ایڈمن آفس کھولنے اورانتظامی عملے کو آنے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ جبکہ طلبا اور اساتذہ کوسکولوں میں آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔سکول کھولنے سے پہلے محکمہ سکولزایجوکیشن ایس او پیز پر مکمل گائیڈ لائن
جاری کرے گا،سکولوں کو 2شفٹوں میں چلانے پر غورکیا جا رہا ہے جبکہ ہرشفٹ میں ڈھائی گھنٹے کی کلاسز ہوں گی۔سکولوں میں ہینڈ واش، ماسک اوردیگر ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں ڈینگی سرویلنس نہ کرنے والے عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اس کے علاوہ اجلاس میں بریفنگ دی گئی ہے کہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں کمی کا رحجان دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ 6 شہروں میں مخصوص تعداد سے زیادہ کورونا مریض آنے پرعارضی لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔