کراچی(این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے، پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 40مریض زندگی کی بازی ہار گئے اور 1538 افراد متاثر ہوئے جبکہ 1254 مریض صحتیاب ہوکر معمول کی زندگی میں واپس آگئے ہیں۔ وزیراعلی ہائوس سے جاری ایک بیان میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وائرس کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے
40 مزید مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور اس طرح ہلاکتوں کی تعداد 1677 ہوگئی اورشرح اموات 1.6 فیصد ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9860 ٹیسٹوں سے 1538 نئے مریضوں کا پتہ چلا جو کہ 16 فیصد شرح بنتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 543400 ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جن میں پورے سندھ میں 100900 مریضوں کی تشخیص مثبت آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر تشخیصی شرح 19 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ اس وقت 41596 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 39697 گھر وں میں ، 399 قرنطینہ مراکز میں اور 1500 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت 581 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں 75 مریضوں کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ کے مطابق 1254 مزید مریض صحتیاب ہوئے اور معمول کی زندگی میں لوٹ آئے۔ اب تک صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 57627 تک جا پہنچی ہے جو 57 فیصد بحالی کی شرح بنتی ہے۔ ضلع سطح پر اعداد و شمار دیتے ہوئے وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ کراچی ڈویژن کے 6اضلاع سے 1538 نئے کیسوں میں سے 722 کی تشخیص ہوئی ہے ان میں ضلع شرقی 204 ، ضلع جنوبی 166 ، ضلع کورنگی 98 ، ضلع وسطی 94 ، ضلع ملیر 75 ، اور ضلع غربی 49 شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حیدرآباد میں 97 ، سکھر 88 ، نوشہرہ فیروز 72 ، بدین 66 ، سانگھڑ 55 ، شکار پور 53 ، لاڑکانہ 32 ، سجاول 26 ، ٹھٹھہ 24 ،عمرکوٹ 23، گھوٹکی 21 ، ٹنڈو الہ یار 18 ، قمبر 17 ، جامشورو 14 ، میرپورخاص 12 ، دادو 6، جیکب آباد 5، شہید بینظیر آباد 4، کشمور اور خیرپور 1-1 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے صوبے کے عوام پر زور دیا کہ وہ محتاط رہیں اور حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز کو اپنائیں۔