کراچی(این این آئی)کے الیکٹرک کی جانب سے شہرقائد میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، وفاق کی جانب سے 800 میگا واٹ کے باوجود لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوسکی ہے۔تفصیلات کے مطابق لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں صارفین کو لوڈ شیڈنگ کے ایس ایم ایس بھیجے جارہے ہیں اور بجلی غائب کی جارہی ہے، شہر میں موسم بہتر اور ڈیمانڈ کم ہونے کے باجود لوڈ شیڈنگ برقرار ہے۔
پی ایس او ایس ایس جی سی کے مطابق مطلوبہ مقدار سے زائد ایندھن فراہم کیا جارہا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے تک پہنچ گیا۔ کیالیکٹرک کے بن قاسم کے 2یونٹ بند اور دیگر یونٹ بھی کم پیداوار دے رہے ہیں، 700 میگاواٹ بجلی کی کمی لوڈ شیڈنگ سے پوری کی جارہی ہے۔کراچی کے جن علاقوں میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے ان میں لیاقت آباد، اولڈسٹی ایریا، صدر، کورنگی، لانڈھی، گلشن حدید، نارتھ کراچی، لیاری، کیماڑی، گلشن معمار، ڈیفنس،گلستان جوہر اور گلشن اقبال شامل ہے۔اسی طرح پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی، میٹھا در، کھارادر، بلدیہ، ملیر، شاہ فیصل، سرجانی اور اورنگی ٹان میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ 8گھنٹے صنعتیں بند ہونے کے بعد کے الیکٹرک کو بجلی کی کمی کیوں ہو رہی ہے؟