اسلام آباد (این این آئی)ہندو مندر کی تعمیر کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔ ہفتہ کو شہری محمد یحییٰ احمد منہاس نے مندر کی تعمیر کے خلاف درخواست دائر کی۔ درخواست میں کہاگیاکہ سی ڈی اے نے مندر کی تعمیر کے لیے سیکٹر ایچ نائن میں 4 کنال زمین دی۔ مندر کی تعمیر کے اخراجات حکومت پاکستان کے خزانے سے ہوگی۔درخواست میں کہاگیاکہ قومی خزانے سے مندر کی تعمیراسلام اور آئین پاکستان کے منافی ہے۔
درخواست میں سیکرٹری وزارت داخلہ، چیئرمین انسانی حقوق برائے کمیشن،وزارتِ مذہبی امور کو فریق بنایا گیا،چیئرمین سی ڈی اے اور ہندو پنچایت کے ممبران کو بھی درخواست میں فریق بنایاگیا۔ درخواست میں کہاگیاکہ کورونا کے مشکل معاشی وقت میں حکومت کا 1 کروڑ سے زائد کے فنڈز مندر کی تعمیر پر لگانے کا کوئی جواز نہیں۔درخواست میں کہاگیاکہ حکومتی فیصلے نے ملک کے غریب اور مزدور طبقے کے جذبات کو مجروح کیا۔