اسلام آباد (آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے پروڈکشن جاری کرنے کے حوالے سے قوانین میں نظر ثانی کیلئے وزارت قانون کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ میں ملزموں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے،قومی اسمبلی،سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے حوالے سے قوانین میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے
اس حوالے سے وزارت قانون کو قوانین میں تبدیلی اور نظر ثانی کیلئے ذمہ داری تفویض کردی ہے اور ہدایت کی ہے کہ چاروں صوبوں سے مکمل مشاورت کے بعد مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ جیلوں میں قید اینٹی کرپشن،منشیات اورمنی لارنڈرنگ کے ملزموں کے کسی صورت پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے جائیں گے،قوانین میں تبدیلی کے بعد نیب اور پولیس کی تحویل میں ملزموں کے پارلیمنٹ اور قائمہ کمیٹی کے اجلاسوں میں پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوں گے،ذرائع نے بتایا کہ جیلوں میں اے بی سی کٹیگری پر بھی نظرثانی کر کے قوانین میں تبدیلی کی جائے گی،عام قیدی ہوں یا سیاسی قیدی ہرایک کیلئے صرف ایک ہی قانون لایا جائیگا،جیلوں کیلئے کٹیگری اے اور بی کو ختم کر کے صرف کٹیگری سی لاگو کیا جائیگا،اس قانون کے تحت تمام قیدی ایک ہی بیرک میں رہیں گے اور ایک ساتھ ہی کھانا کھائیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ پارلیمنٹ میں کریمنل کی موجودگی کسی صورت برداشت نہیں،جمہوریت کو جمہوریت ہی رہنے دیا جائے،کرپشن،منشیا ت فروش کے ملزموں کو جمہوریت کے پیچھے نہیں چھپنے دیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے پروڈکشن آرڈ ر کے حوالے سے چیئرمین سینٹ،سپیکر قومی اسمبلی اور وزراء سے مشاورت بھی کریں گے جبکہ صوبائی وزراء اور پارٹی رہنماؤں کو اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائیگا۔