اسلام آباد( آن لائن)ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے چہ مگوئیاں دم توڑ گئیں۔حکومت نے پٹرولیم لیوی میں 10 روپے تک فوری کمی کی تجویزمستردکردی۔تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کے حوالے
سے میڈیا پر چلنے والی بریکنگ نیوز جس میں کہا گیا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر کمی پر غور شروع کر دیا ہے جس کے مطابق پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں دس روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ لیوی کم ہونے سے پٹرول کی قیمت میں دس روپے فی لیٹر کمی ہوسکتی ہے۔ عوامی مفاد کی چلنے والی بریکنگ نیوز ملک بھر میں آگ کی طرح پھیل گئی اور سوشل میڈیا پر حکومتی اور مخالفین صارفین ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے ،صارفین نے حکومتی فیصلے کے تعریفوں کے پل باندھ دیئے جبکہ مخالفین نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تاہم عوام کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کسی رد وبدل کا امکان نہیں اور نہ ہی حکومت اس طرح کے فیصلے پر سوچ و بچار کررہی ہے ۔یاد رہے کہ 26 جون کو کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں پچیس روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا جس پر عوام کی جانب سے شدید ردع عمل دیکھنے میں آیا۔