اسلام آباد (این این آئی)پیپلزڈاکٹرز فورم پاکستان کے صدر ڈاکٹر کریم خواجہ نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کورونا وائرس کی شدت کی وارننگ دے رہا ہے، خطرناک نتائج سے آگاہ کر رہا ہے مگر وزیراعظم اس خوفناک صورتحال کا ادراک نہیں رکھتے۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ سلیکٹرز کو چاہیے کہ اللہ کے واسطے سلیکٹڈ کا نفسیاتی معائنہ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جاپان اور جرمنی کی سرحدیں نہیں ملائی جا سکتیں اس طرح نام نہاد سمارٹ لاک ڈائون کے ذریعے کورونا وباء کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کیا آئی ایم ایف
جب کہے گا تب کورونا کے خلاف سخت لاک ڈائون ہوگا؟ ڈاکٹر کریم خواجہ نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنی جانوں پر کھیل کر انسانی جانیں بچا رہے ہیں،ان پر مزید بوجھ ڈالنے سے گریز کیا جائے۔ ڈاکٹر کریم خواجہ نے کہا کہ اگر دو ماہ تک سخت لاک ڈائون کیا جاتا تو اب تک معاملات قابو میں آچکے ہوتے مگر عمران خان نے کورونا کو معمولی وائرس سمجھ کر لاک ڈائون کو مذاق بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ کورونا وباء کو مزید تباہی سے روکنے کے لئے عمران خان کا نفسیاتی علاج کرانا ہوگا۔