اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے مختلف حصوں میں دوبارہ لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے حکومتی اقدامات پر سخت تنقید کرتے ہوئے ایک پیغام جاری کیا جس میں ان کہنا تھا کہ پاکستا ن میں دوبارہ لوڈشیڈنگ ہونا نیازی حکومت کی نااہلی اور نا سمجھی کا افسوسناک مظہر ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں پچھلے 5سالوں میں 11ہزار میگاواٹ سے زائد بجی بننے سے ملک میں بجلی کی قلت بالکل ختم ہو گئی تھی ۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ قوم پر یہ مصیبت بدترین انتظامی اور نااہلی کی وجہ سے نازل ہورہی ہے ۔ واضح رہے کہ لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ شہریوں نے حکام کو دہائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عذاب سے کون چھٹکارا دلائے گا؟گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی بجلی بندش کی شکایات بھی بڑھ گئی ہیں۔ لوڈ بڑھنے سے ٹرپنگ اور تاروں کا جلنا بھی معمول بن چکا ہے۔دیہی علاقوں اور ہائی لاسز فیڈرز پر 3 سے 4 گھنٹے بجلی بند ہونے لگی ہے۔ تاہم لیسکو چیف کا موقف ہے کہ لاہور شہر میں کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، سسٹم اوور لوڈ ہونے اور فنی خرابیوں کے باعث بجلی بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔بعض شہروں میں بجلی کے جانے کا کوئی شیڈول نہیںجبکہ کئی گھنٹوں تک بجلی نہیں آتی ۔